چیمپئنز ٹرافی سے پہلے کون کرے گا فتح کا جشن؟ فیصلہ آج ہوگا

کراچی میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل، پاکستان اور نیوزی لینڈ مدمقابل

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس معرکے کے بعد ہی فیصلہ ہوگا کہ کون سی ٹیم ٹرافی اپنے نام کرے گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی میدان میں 19 فروری کو چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ بھی انہی دو ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ ماہرین اس میچ کو چیمپئنز ٹرافی سے قبل ایک اہم وارم اپ مقابلہ قرار دے رہے ہیں، جو دونوں ٹیموں کے لیے تیاری کا موقع فراہم کرے گا۔

نیوزی لینڈ نے لیگ میچز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان اور جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ دوسری جانب، گرین شرٹس نے جنوبی افریقہ کے خلاف 353 رنز کے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

اگر دونوں ٹیموں کے ماضی کے مقابلوں کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔ دونوں ٹیمیں 117 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں پاکستان نے 61 جبکہ نیوزی لینڈ نے 52 فتوحات حاصل کی ہیں۔ تاہم، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دونوں ٹیموں کی جیت کا تناسب یکساں ہے، جہاں ہر ٹیم نے چار، چار میچز جیتے ہیں۔

 

فائنل میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ہمراہ تصاویر کھنچوائیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان ممکنہ طور پر اسی کامیاب کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے گا، جو گزشتہ میچ میں فتح یاب ہوا تھا۔ ماہرین کی توقع ہے کہ فائنل ایک ہائی اسکورنگ مقابلہ ثابت ہوگا۔

یہ میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا اور اسے اے اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *